ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر میں بدامنی کے پیش نظر راج ناتھ سنگھ کا امریکہ دورہ ملتوی

کشمیر میں بدامنی کے پیش نظر راج ناتھ سنگھ کا امریکہ دورہ ملتوی

Tue, 12 Jul 2016 19:51:40  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 12؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر کی دھماکہ خیز صورت حال کے پیش نظر اپنا امریکہ دورہ ملتوی کر دیا ہے۔وہ اگلے ہفتے ہونے والے ہندوستان -امریکہ داخلی سلامتی مذاکرات میں شامل ہونے والے تھے۔وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے 18؍جولائی سے شروع ہو رہے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران مصروف شیڈول کو دورہ ملتوی کرنے کا سبب بتایا۔ذرائع نے کہا کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد وادی کشمیر میں کشیدگی وزیر داخلہ کے پانچ روزہ امریکی دورے کو ملتوی کرنے کی ایک اور اہم وجہ ہو سکتی ہے۔افسر نے بتایا کہ نئی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے اور یہ دورہ ستمبر میں ہو سکتا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دورے پر ہونے کے دوران وزیر داخلہ سنگھ جموں و کشمیر میں صورت حال معمول پر لانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ملک میں داخلی سلامتی کی ذمہ داری وزیر داخلہ پر ہوتی ہے۔کشمیر میں وانی کی موت کے بعد ہوئے پر تشدد مظاہروں میں اب تک 24افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔کشمیر وادی میں امن بحال کرنے اور حالات کو معمول پرلانے کی کوششوں کے تحت سنگھ نے سرکردہ مرکزی وزراء اور حکام کے ساتھ کئی میٹنگیں کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن لیڈروں سے بھی رابطہ کیا۔اسی ضمن میں انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ سے بھی بات چیت کی تھی ۔وزیر داخلہ واشنگٹن میں منعقد ہندوستان- امریکہ داخلی سلامتی مذاکرات میں ہندوستانی وفد کی قیادت کرنے والے تھے۔امریکی وفد کی قیادت وہاں کے داخلی سلامتی کے وزیر جیہ چارلس جانسن کو کرنی تھی ۔اس اسٹریٹیجک اجلاس میں جن مسائل پر گفتگو ہونی تھی، ان میں دہشت گردی مخالف تعاون کو قریبی بنانا، خفیہ اطلاعات کوشیئر کرنا، سائبر سیکورٹی اور اہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت، غیر قانونی خزانہ کا مقابلہ، عالمی فراہمی چین سیکورٹی ، سائنس اور ٹیکنالوجی شامل تھے۔ہندوستان اور امریکہ کے درمیان یہ اعلی سطحی بات چیت اسٹریٹیجک داخلی سلامتی تعاون کا حصہ ہے اور اس کا مقصد خطرات کا مقابلہ کرنے، صلاحیت کی تعمیر اور تحقیقات میں تعاون کو بڑھانا ہے۔


Share: